افواہوں پر توجہ نہ دیں : کمشنر پولیس
حیدرآباد ۔ /25 فبروری (سیاست نیوز) شہریت ترمیمی قانون کے مظاہروں کے دوران دہلی میں بھڑک اٹھے تشدد کے پیش نظر پولیس کمشنر انجنی کمار نے آج عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ حالات میں چوکس و متحد رہیں ۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر ہینڈل کے ذریعہ جاری کئے گئے بیان میں کہا کہ حیدرآباد کے عوام کسی بھی شرپسند عناصر کو دہلی کے موجودہ صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شہر کی پرامن فضاء کو مکدر کرنے کا موقع نہ دیں ۔ حیدرآباد پولیس کی پٹرولنگ اور موٹر سائیکل پٹرولنگ گاڑیاں چوکس کردی گئی ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ان سے ربط پیدا کیا جاسکتا ہے ۔ انجنی کمار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر دھیان نہ دیں اور حیدرآباد کی روایتی فضاء کو برقرار رکھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر حیدرآباد میں پولیس چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے اور سوشیل میڈیا کے ذریعہ تیز رفتاری سے وائرل کئے جانے والے تشدد کے میسیجیس بالخصوص ویڈیوز کی گشت کو روکنے کیلئے حیدرآباد کے بعض مقامات پر انٹرنیٹ کی سہولت کو عارضی طورپر مسدود کیا جاسکتا ہے ۔