! دہلی تشدد : اندھادھند گرفتاریاں ، مسلمان زیادہ متاثر

   

نئی دہلی 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شمال مشرقی دہلی میں تشدد کے بعد ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اتوار کو گوکلپوری کے نالے سے ایک اور بھاگیرتھی وہار نالے سے 2 لاشیںبر آمد کی گئیں جس سے مہلوکین کی تعداد بڑھ کر64ہوگئی ہے۔ بدبو آنے کی وجہ سے مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد سرچ آپریشن کرکے لاشوں کو نکالا گیا۔اب تک ان کی شناخت نہیں ہوپائی ہے۔ اس دوران پولیس نے گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے ا ور الزام ہے کہ مسلمانوں کی اندھادھند گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔ اب تک 452 ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں اور 309 افراد کو حراست میں لیاگیا ہے۔ پولیس نے گرفتارشدگان کی شناخت ظاہر نہیں کی مگر لوگوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ مسلمان ہی سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور انہیں کے بچوں کو گرفتار بھی کیا جارہا ہے۔پولیس جس کو بھی چاہ رہی ہے اسے گرفتار کررہی ہے جبکہ عوامی نمائندے اس معاملے میں متاثرین کی مدد کیلئے آگے نہیں آرہے ہیں۔لوگوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ جو لوگ پولیس کے ساتھ امن مارچ کررہے ہیں، ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ پولیس سے بات کریں کہ آخر ایک خاص طبقہ کے بچوں کو کیوں نشانہ بنایاجارہا ہے۔