دہلی تشدد: نعشوں کے پوسٹ مارٹم کی ویڈیو گرافی کرنے عدالت کی ہدایت

   

نئی دہلی 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو تمام ہاسپٹلس کو ہدایت کی کہ شمال مشرقی دہلی میں گزشتہ ہفتہ کے فرقہ وارانہ تشدد میں ہلاک شدہ افراد کی نعشوں کا ویڈیو گرافی کے درمیان پوسٹ مارٹم کیا جائے۔ جسٹس سدھارتھ مریدول اور آئی ایس مہتا نے حکام کو ہدایت کی کہ تمام نعشوں کے ڈی این اے نمونے محفوظ رکھے جائیں اور کسی بھی غیر شناخت نعش کو چہارشنبہ تک ٹھکانے نہ لگایا جائے۔ دوران سماعت عدالت کو پولیس نے مطلع کیا تھا کہ ایک گمشدہ فرد حمزہ کی نعش پیر کو گوگل پوری کے ایک نالے سے برآمد ہوئی تھی اور رام منوہر لوہیا ہاسپٹل میں اس کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔