دہلی تشدد : 39 افراد کیخلاف چارج شیٹ پیش

   

نئی دہلی 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس نے فبروری میں پیش آئے شمال مشرقی دہلی کے فرقہ وارانہ تشدد کے دوران مقامی افراد کے مبینہ قتل کے کیسوں میں منگل کو یہاں ایک عدالت کے روبرو 7 چارج شیٹس داخل کئے۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ وجئے شری راٹھوڑ کے روبرو فساد کے سلسلہ میں 39 افراد کے خلاف فرد جرم پیش کیا۔ یہ تشدد شہریت ترمیمی قانون کے مخالفین اور حامیوں کے درمیان جھڑپ کے ساتھ پھوٹ پڑا تھا۔ قتل کے 7 معاملوں کے سلسلہ میں گرفتار جملہ 39 افراد میں سے 16 ہندو اور 25 مسلمان ہیں۔ ایک سینئر پولیس آفیسر نے مزید بتایا کہ مبینہ قتل کے تمام واقعات فساد کے عروج کے دوران 25 فبروری کو پیش آئے۔ انور نامی شخص کے قتل کیس میں 5 افراد گرفتار کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہجوم نے انور پر گولی چلاکر اُسے ہلاک کیا اور پھر اُس کی نعش کے ساتھ اُس کا گھر نذر آتش کردیا گیا۔ اُسی روز آفتاب نامی نوجوان کو بھی ہجوم نے ہلاک کیا۔ اِس کیس میں 3 افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔ ایک اور چارج شیٹ بابو نامی شخص کے قتل کے سلسلہ میں پیش کی گئی جسے فسادیوں نے شدید زدوکوب کے ذریعہ ہلاک کیا۔