خواتین کیخلاف جرائم کی شرح 144 فیصد ، ملک میں منشیات کے استعمال میںبھی اضافہ، راجیہ سبھا میں کانگریس کی بحث
نئی دہلی: راجیہ سبھا میں اپوزیشن جماعتوں نے قومی راجدھانی دہلی میں جرائم کے مسلسل بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ دہلی پورے ملک میں سب سے زیادہ جرائم کی وارداتیں دیکھ رہی ہے اور یہ ’جرائم کی راجدھانی‘بن چکی ہے ۔کانگریس کے اجے ماکن نے ایوان میں وزارت داخلہ کے کام کاج پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے دارالحکومت دہلی میں جرائم کے واقعات سے متعلق اعدادوشمار کی ایک لمبی فہرست پیش کی اور کہا کہ یہاں خواتین کے خلاف جرائم کی شرح 144 فیصد ہے جو کہ ملک میں سب سے زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی براہ راست مرکزی وزارت داخلہ کے تحت آتی ہے اور یہ حیرت کی بات ہے کہ یہاں جرائم سے متعلق 77 ہزار مقدمات درج ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو دہلی میں مل کر کام کرنا ہوگا۔نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے کام کاج میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2004 سے مختلف جرائم کے اعداد و شمار کے ساتھ اس تنظیم میں تحریکوں اور بھوک ہڑتالوں کا ڈیٹا بھی درج کیا گیا تھا لیکن حکومت نے اسے 2017 میں روک دیا۔ دی گئی دلیل یہ تھی کہ یہ پہلے ہی جرم کے زمرے میں درج ہو رہے تھے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ بھوک ہڑتال یا ایجی ٹیشن کب سے جرم بن گیا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بھوک ہڑتال اور تحریک سے متعلق اطلاعات کو چھپایا جا رہا ہے ۔ماکن نے کہا کہ ملک میں منشیات کے استعمال کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور ان کی تعداد 1 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نقلی ادویات کی مقدار میں بہت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جو کہ تشویشناک ہے ۔ انہوں نے پنجاب میں ڈرون کے ذریعے منشیات اور دھماکہ خیز مواد کی اسمگلنگ کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے سرحدی انفراسٹرکچر فنڈز کے صحیح استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان فنڈز کی ایک بڑی رقم خرچ کیے بغیر واپس آ رہی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت اپنی مختص رقم کا ایک چوتھائی حصہ بھی خرچ کرنے کے قابل نہیں ہے ۔کانگریس کے رکن نے کہا کہ مرکزی پولیس فورس کو جدید بنانے کیلئے بھی رقم پوری طرح خرچ نہیں ہو رہی ہے ۔ نیم فوجی دستوں میں ایک لاکھ سے زائدخالی آسامیاں بھی افسوسناک ہیں۔ انہوں نے مردم شماری کے کام میں تاخیر کا بھی ذکر کیا جس سے پالیسی اور منصوبہ بندی کا کام متاثر ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری بروقت نہ کرائی گئی تو مستحقین کی بڑی تعداد اسکیموں سے محروم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران امداد فراہم کرنے کیلئے فنڈز بڑھانے کی بجائے کم کر دیے گئے ہیں۔بی جے پی کے سدھانشو ترویدی نے اپنی تقریر دوبارہ شروع کی جو پہلے دن ادھوری رہ گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت منی پور میں حساسیت کے ساتھ کام کر رہی ہے ، جموں و کشمیر میں پختہ عزم، داخلی سلامتی پر سخت رویہ اور ریاستوں کے ساتھ بہتر تال میل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے کسی بھی ریاست میں مداخلت نہیں کی ہے لیکن کئی ریاستوں نے این آر سی کے خلاف بل پاس کرکے وزارت داخلہ کے کام کاج میں مداخلت کی ہے ۔