نئی دہلی ۔ 25 اکتوبر (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلی ریکھا گپتا نے آج کہا کہ ان کی حکومت آئندہ بیس برسوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی تعمیر کر رہی ہے ۔گپتا نے کہا کہ آج پیتم پورہ کے ویشالی انکلیو میں نئی سیور لائن، نئی سڑک اور ڈرینیج سسٹم کے کاموں کا آغاز کیا۔ اسی کے ساتھ، سیور کی صفائی کیلئے نئی منی ریسائکلر مشینوں کی بھی دہلی کو خوشخبری ملی ہے ۔ ہماری سرکار دہلی کے ہر علاقے کی ترقی اگلے 20 سالوں کی ضروریات کو دیکھ کر کر رہی ہے ۔ اب کام صرف مرمت کا نہیں، بلکہ مستقبل کی تعمیر کا ہے ۔گزشتہ آٹھ مہینوں میں ، دہلی نے اپنے صدیوں پرانے مسائل سے راحت محسوس کی ہے ۔ جہاں پہلے منٹو برج پر پانی بھر جاتا تھا ، اب ٹریفک بغیر رکے چلتا ہے ۔ جہاں کبھی جمنا کے کناروں پر گندگی تھی ، اب شاندار چھٹھ مہا پرو کی تیاریاں کی جا رہی ہیں ۔ درختوں اور ہریالی کی ایک نئی روایت شروع ہوئی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی یافتہ دہلی کا ہمارا ویژن واضح ہے : ہر وارڈ میں صاف پانی کی نکاسی، ہر گلی میں مضبوط سڑک، ہر گھر تک صاف پانی اور ہر شہری کے لیے ترقی یافتہ، خوبصورت اور سبز و شاداب دارالحکومت۔
