آج سے چار لاکھ غریب افراد کو کھانے کی فراہمی
کورونا وائرس مریضوں میں کمی کی چیف منسٹر کو توقع
نئی دہلی ۔27 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر دہلی نے آج کہاکہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ان کی حکومت پوری تیاری کررہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ یومیہ ایک سو مریضوں کا بھی اضافہ ہو تو صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ پانچ رکنی ڈاکٹرس کا پیانل تشکیل دیا گیا ہے ۔ پیانل نے موجودہ صورتحال پر اپنی رپورٹ پیش کردی ہے جس میں یومیہ بنیادوں پر مریضوں کے علاج کے معیاری طریقہ کار کی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ روزآنہ ہزاروں مریضوں کے علاج کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریاں کی جارہی ہیں اور تمام رکاوٹوں کو دور کیا جارہا ہے ۔ کجریوال نے اس توقع کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی ہوگی ۔ دہلی میں اس وقت کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 39 ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ بیروزگار اور بے گھر تقریباً دو لاکھ افراد کو کھانا فراہم کیا جارہا ہے ۔ اور ہفتہ سے اس تعداد کو دوگنا کردیا جائے گا اور چار لاکھ افراد کو کھانا دیا جائے گا ۔ دہلی میں 224 نائٹ شیلٹرس کے علاوہ 325 سرکاری اسکولس میں بھی دوپہر اور شام کا کھانا سربراہ کیا جائے گا ۔ انھوں نے بتایا کہ دوسری ریاستوں کے دہلی میں رہنے والے افراد کا بھی ان کی حکومت خیال رکھے گی ۔ اور کورونا وائرس سے کسی بھی منفی حالات سے نمٹنے کیلئے تین مرحلوں کا منصوبہ تیار کیاہے ۔ کجریوال نے میڈیا کو بتایا کہ دہلی حکومت ابھی 224رین بسیروں میں 20ہزار بے گھروں اور غریبوں کو دو وقت کا کھانا مہیا کرارہی ہے ۔آج سے 325اسکولوں میں بھی یہ انتظام کیاجارہا ہے جہاں ہر اسکول میں 500 لوگوں کے لئے دونوں وقت کا کھانا مہیا کرایا جائے گا۔انہوں نے پارٹی ارکان اسمبلی سے اپنے اپنے حلقوں میں بے گھروں اور غریبوں کوراحت پہنچانے کے کام میں جٹ جانے کی اپیل کی۔انہوں نے مختلف تنظیموں کے تعاون کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کی سرحد میں جو بھی رہ رہے ہیں وہ ہمارے ہیں اور ان کی ذمہ داری بھی ہماری ہے ۔