دہلی حکومت کو سپریم کورٹ سے راحت، ایل جی کو لگا جھٹکا، لیفٹیننٹ گورنر کو یمنا صفائی کمیٹی کا سربراہ بنانے کے فیصلے پر پابندی

   

نئی دہلی:منگل کو سپریم کورٹ نے لیفٹیننٹ گورنر کو یمنا ندی کی صفائی سے متعلق اعلیٰ سطحی کمیٹی کا چیئرمین بنانے کے این جی ٹی کے فیصلے کے خلاف دہلی حکومت کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے کیجریوال حکومت کو بڑی راحت دی ہے۔ سپریم کورٹ نے یمنا ندی کی صفائی سے متعلق اعلیٰ سطحی کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر لیفٹیننٹ گورنر کی تقرری کے فیصلے پر روک لگا دی ہے۔ سپریم کورٹ نے این جی ٹی کے فیصلے پر روک لگا دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے دہلی حکومت کی عرضی پر نوٹس جاری کیا ہے۔ دہلی حکومت کی جانب سے ایڈوکیٹ ابھیشیک منو سنگھوی نے این جی ٹی کے حکم پر روک لگانے کی درخواست کی تھی۔دہلی حکومت نے نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) کے اس حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، جس میں لیفٹیننٹ گورنر کو یمنا ندی کی صفائی کے معاملے میں اعلیٰ سطحی کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا تھا۔ دہلی حکومت نے کہا کہ این جی ٹی کا یہ حکم دہلی میں دستوری نظام حکومت اور سپریم کورٹ کی آئینی بنچ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ حال ہی میں سپریم کورٹ نے ایک کیس پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ دہلی میں تین مضامین کو چھوڑ کر باقی تمام موضوعات پر منتخب حکومت کا اختیار ہے۔