دہلی دھماکہ حکومت کی ناکامی کا نتیجہ:اکھلیش

   

بریلی:13 نومبر (یواین آئی) سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے دہلی میں ہوئے دھماکے کو حکومت کی ناکامی قرار دیا اور کہا کہ انٹیلی جنس سسٹم کے مکمل طور پر ناکام ہونے کی وجہ سے ایسا واقعہ رونما ہوا۔ بہار انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں اور تیجسوی یادو کو وزیر اعلیٰ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ اکھلیش یادو جمعرات کی صبح ذاتی پروگراموں میں حصہ لینے کیلئے بریلی آئے تھے ۔
انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے موجودہ ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت ملک کی معیشت کو چین کے ہاتھوں سونپ چکی ہے۔
حکومت سَوَدیشی (ملکی مصنوعات) کی بات کرتی ہے لیکن پوری معیشت چین کے قبضے میں ہے ۔ بازاروں میں چینی سامان کی بھرمار ہے ۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کے اشاروں پر کام کر رہا ہے ۔ رامپور اور کندرکی میں ہزاروں لوگوں کو ووٹ ڈالنے نہیں دیا گیا۔ پولیس نے لوگوں کو گھروں سے نکلنے سے روکا۔ ہم نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی، لیکن اس نے کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے اپیل کی کہ ایک بھی ووٹ چھوٹنے نہ پائے ، ہر ووٹر اپنا نام ووٹر لسٹ میں یقینی بنائے ۔