دہلی دھماکہ کیس: اتراکھنڈ میں این آئی اے کا دھاوا‘ مسجد کے امام اور دو دیگرافرادزیر حراست

   

Ferty9 Clinic

ہلدوانی۔29؍نومبر( ایجنسیز)دہلی لال قلعہ دھماکے کی تحقیقات کرنے والی قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ میڈیا کے مطابق این آئی اے کی ٹیم نے ہلدوانی سے کئی ایسے افراد کو حراست میں لیا ہے جن کا دہلی دھماکہ کے کلیدی ملزم ڈاکٹر عمر سے تعلق سامنے آیا ہے۔دہلی دھماکے کی جانچ اب ہلدوانی کے بنبھول پورہ تک پہنچ گئی ہے۔ کل دیر رات این آئی اے، دہلی پولیس، ایل آئی یو اور ضلع پولیس نے ایک مسجد پر چھاپہ مارا اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ این آئی اے کی ٹیم ان میں دو افراد کو اپنے ساتھ دہلی لے گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق دہلی دھماکے سے ہلدوانی کا تعلق اس وقت سامنے آیا جب کلیدی ملزم ڈاکٹر عمر کی کال کی تفصیلات کی جانچ کی گئی۔ اس کے بعد دہلی سے این آئی اے کی ایک ٹیم ہلدوانی پہنچی ۔بتایا جا رہا ہے کہ این آئی اے کو مسجد کے امام کے خلاف کچھ اہم اشارے ملے ہیں اور اسی بنیاد پر این آئی اے نے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔ امام کے علاوہ ایک اور شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔احتیاطی اقدام کے طور پر ہلدوانی کے بنبھول پورہ علاقے میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ علاقے میں پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔ ہلدوانی پولیس فی الحال کوئی بھی سرکاری بیان دینے سے گریز کر رہی ہے۔ دہلی لال قلعہ کے قریب پیش آئے بم دھماکہ کے سلسلہ میں کئی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور بے شمار افراد سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔