دہلی ریسیڈنٹ ڈاکٹرس کا بائیکاٹ ، میڈیکل بل کیخلاف نعرہ بازی

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) قومی دارالحکومت میں مریضوں کو ہولناک تجربہ ہوا جبکہ ریسیڈنٹ ڈاکٹرس نے مختلف سرکاری دواخانوں میں غیرمعینہ مدت کی ہڑتال شروع کردی اور خدمات کا بائیکاٹ کیا۔ ایمرجنسی شعبہ میں بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ ہزاروں ڈاکٹرس بشمول ایمس، آر ایم سی ہاسپٹل، صفدر جنگ ہاسپٹل اور ایل این جی پی ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے بائیکاٹ کیا۔ بعدازاں انہوں نے شہر کی سڑکوں پر پرہجوم جلوس نکالا اور نیشنل میڈیکل بل کی لوک سبھا میں منظوری کے خلاف جہاں برسراقتدار پارٹی کے ارکان کو قطعی اکثریت حاصل ہے، منظوری کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔ یہ بل مرکزی وزیر صحت نے راجیہ سبھا کو منظوری کیلئے سونپ دیا ہے۔ ڈاکٹرس مطالبہ کررہے تھے کہ بل میں ترمیمات کی جائیں۔ ان کے بموجب اگر ترمیمات نہ کی جائیں تو طبی تعلیم کا معیار انحطاط پذیر ہوجائے گا اور امراض قلب کے مریضوں کی خدمات متاثر ہوں گی۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے جائیں تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ ڈاکٹرس نے کہا کہ اس قانون کی منظوری فرضی ڈاکٹروں کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہوگی ،کیونکہ انہیں جدید ادویہ استعمال کرتے ہوئے مریضوں کا علاج کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے لائسنس فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سب کو مسودہ قانون کی دفعہ 45 سے اختلاف ہے جو ان کے بموجب مرکزی حکومت کو قومی میڈیکل کمیشن سے زیادہ اختیارات عطا کرتا ہے۔