دہلی سروسز بل لوک سبھا میں صوتی ووٹ سے پاس، اپوزیشن کا ایوان سے واک آوٹ

   

نئی دہلی: دہلی کے افسران کی ٹرانسفر و پوسٹنگ سے متعلق آرڈیننس کی جگہ لینا والا دہلی سروسز بل جمعرات کو لوک سبھا میں صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔ اس دوران بحث میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ مرکز کو قانون بنانے کا حق ہے۔ یہ آرڈیننس مکمل طور پر آئینی ہے۔ اس کے پاس ہوتے ہی اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد ٹوٹ جائے گا۔ وہیں اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا ۔ بل پاس ہونے کے بعد ایوان کی کارروائی کل تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ 1993 سے 2015 تک دہلی کے کسی وزیر اعلیٰ سے کوئی جھگڑا نہیں ہوا۔ اگر جھگڑے کا رجحان ہو تو ہم کیا کر سکتے ہیں؟ ہم تو ریسیونگ اینڈ پر ہیں۔ جب آپ ہماری طرف ایک انگلی اٹھاتے ہیں، تو تین انگلیاں آپ کی طرف ہوتی ہیں۔ بل پاس ہونے کے بعد اتحاد ٹوٹ جائے گا۔ اتحاد کی مجبوری ہوتی ہے، اس لئے تمام جماعتیں احتیاط کے ساتھ جڑ گئی تھیں ۔ دہلی حکومت کابینہ کی میٹنگ نہیں بلاتی ہے۔