حیدرآباد۔ 3 اپریل (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا کے خطرے سے نمٹنے کے لیے حکومت سے مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ واقعات میں جس تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، عوام کو چاہئے کہ وہ سخت چوکسی اختیار کریں اور تمام احتیاطی قدم اٹھائیں۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ دہلی میں تبلیغی اجتماع میں شرکت کے بعد واپس ہونے والے افراد کے ذریعہ وائرس پھیلنے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ نئی دہلی سے واپس ہونے والے افراد کو چاہئے کہ وہ رضاکارانہ طور پر معائنے کے لیے رجوع ہوں اور عہدیداروں سے تعاون کریں۔ ہنمنت رائو نے عوامی نمائندوں، قائدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ایسے افراد کے معائنے کو یقینی بنائیں تاکہ سماج میں وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکے۔ ہنمنت رائو نے بعض سیاسی قائدین کی جانب سے ایک مخصوص مذہب کو نشانہ بنانے کی مذمت کی اور کہا کہ ایسے قائدین کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ وائرس کی صورتحال کو سیاسی فائدے یا پھر سماج کی تقسیم کے لیے استعمال کرنا افسوسناک ہے۔