دہلی سے آنے والے نلگنڈہ کے تمام افراد کورونا وائرس سے محفوظ

   

Ferty9 Clinic

وزیر جگدیش ریڈی کا انکشاف، مشتبہ افراد کو کورنٹائن میں رکھا گیا ہے
حیدرآباد۔یکم اپریل (سیاست نیوز) وزیر برقی تلنگانہ جگدیش ریڈی نے کہا کہ متحدہ نلگنڈہ ضلع میں ابھی تک کورونا کا ایک بھی کیس منظر عام پر نہیں آیا ہے۔ متحدہ نلگنڈہ ضلع کورونا سے محفوظ ہے۔ نئی دہلی میں مذہبی اجتماع میں شرکت کرنے والے نلگنڈہ سے تعلق رکھنے و الے افراد کو کورنٹائن میں رکھا گیا ہے۔ ان میں سے کسی میں کورونا وائرس کے اثرات نہیں پائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی سے آنے والے افراد کی جانچ کی گئی اور ان میں کورونا کے اثرات نہیں پائے گئے تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر انہیں مقررہ مدت کے لیے کورنٹائن کیا گیا ہے۔ جگدیش ریڈی نے سوریہ پیٹ، بھونگیر اور نلگنڈہ ضلع کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو وائرس کی روک تھام کے سلسلہ میں سنجیدگی سے قدم اٹھارہے ہیں۔ نلگنڈہ، سوریہ پیٹ کے علاوہ بھونگیر یادادری کے ضلع کلکٹرس اور پولیس کے اعلی عہدیداروں نے شرکت کی۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ بیرونی ممالک سے آنے والے ہر شخص کی شناخت کرتے ہوئے انہیں گھروں میں کورنٹائن کیا جارہا ہے۔ ایسے افراد کو پابند کیا گیا کہ وہ مکانات سے نکلنے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تینوں اضلاع کورونا وائرس کے اثر سے محفوظ ہیں۔ محکمہ صحت کے عہدیدار کورنٹائن میں موجود افراد کی صحت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی سے آنے والے 10 افراد کا تعلق مریال گوڑہ سے ہے ان کی شناخت کرتے ہوئے جانچ کی گئی۔ کلکٹر کو ہدایت دی گئی کہ وہ مرض کے بارے میں شعور بیدار کرتے ہوئے ایسے افراد کی کونسلنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مکانات میں کورنٹائن کئے گئے افراد کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ 14 اپریل تک لاک ڈائون جاری رہے گا اور حکام کو لاک ڈائون کی برقراری تک سخت چوکسی اختیار کرنی چاہئے۔