دہلی سے لوٹنے کے بعد کے سی آر ٹرانسجینڈر میں تبدیل

   


دھان کی خریدی کیلئے دوکانات نا کھولنے پر ٹی آر ایس کی دوکان بند ہوگی : جیون ریڈی کا ادعا

حیدرآباد : کانگریس کے سینئر قائد و رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ر یڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف سنسنی خیز الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹرانسجینڈر میں تبدیل ہوگئے ہیں۔ دہلی جانے سے قبل زرعی قوانین کے خلاف بھارت بند کی تائید کی دہلی میں وزیراعظیم نریندر مودی اور مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ سے ملاقات کے بعد حیدرآباد واپس ہوتے ہی زنخہ میں تبدیل ہوگئے اور زرعی قوانین کے معاملے میں مرکز کی تائید کرتے ہوئے کسانوں سے دغا بازی کی ہے۔ حیدرآباد میں اپنے آپ کو شیر کی طرح پیش کرنے والے کے سی آر دہلی میں بلی کی طرح دم ہلاتے ہوئے واپس لوٹ گئے۔ اگر حکومت کی جانب سے دھان کو خریدا نہیں گیا تو دیہی علاقوں میں ٹی آر ایس قائدین کو داخل ہونے نہ دینے کا انتباہ دیا۔ جیون ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے سی آر کی جاگیر نہیں ہے۔ انہوں نے ریتوبندھو اسکیم کو بہت بڑا دھوکہ قرار دیا۔ کسانوں کی ان کی تیار کردہ کاشت پر اقل ترین قیمت ادا کرنے میں ناکام ہوجانے کا تلنگانہ حکومت پر الزام عائد کیا۔ کانگریس کے قائد نے پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کیلئے ہمیشہ فکرمند رہتی ہیں۔ کانگریس کی جانب سے متعارف کردہ ضمانت روزگار اسکیم کے ذریعہ شمشان گھاٹس اور ڈمپنگ یارڈس کو ترقی دینے کا دعویٰ کیا۔ ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ مرکز کے زرعی قوانین کے خلاف ریاستی وزراء کو سڑکوں پر احتجاج کرانے کے بعد کے سی آر اپنے موقف سے منحرف ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی قوانین کسانوں کے مفادات کے خلاف ہے۔ اقل ترین قیمت وصول ہونے پر ہی کسانوں سے انصاف ہوگا۔ کانگریس کے دورحکومت میں ہی کسانوں کو ان کی پیدا کردہ کاشت پر اقل ترین قیمت وصول ہوئی۔ غذائی اناج خریدنے کیلئے دکانات نا کھولنے پر ٹی آر ایس کی دکانداری بند ہوجانے کا انتباہ دیا۔