دہلی سے واپس ہونے والے نظام آباد کے 16 افراد میں کورونا پازیٹیو

   

ضلع میں ہلچل، متاثرین کے افراد خاندان اورقریبی افراد کورنٹائن سنٹر منتقل

حیدرآباد۔/4 اپریل، ( سیاست نیوز) دہلی کے نظام الدین تبلیغی مرکز کے اجتماع میں شرکت کرنے والے نظام آباد کے 16 افراد میں کورونا پازیٹیو پایا گیا ہے جس کے بعد نظام آباد ٹاؤن میں ہلچل پیدا ہوگئی۔ پولیس نے گزشتہ دنوں تقریباً 32 افراد کو دو علحدہ مقامات پر آئسولیشن سنٹر میں رکھا تھا۔ نظام آباد گورنمنٹ ہاسپٹل اور ڈچپلی کے اقلیتی اقامتی اسکول میں انہیں رکھا گیا تھا جن کی ٹسٹ رپورٹ کل منظر عام پر آئی ہے۔ نئی دہلی جانے والے 16 افراد میں کورونا سے متاثر پائے گئے۔ رپورٹ ملتے ہی پولیس اور محکمہ صحت کے عہدیداروں نے متاثرہ افراد کے گھر والوں کو آئسولیشن سنٹر منتقل کردیا اور ان کے مکانات اور اطراف و اکناف کے علاقے میں کیمیائی ادویات کا چھڑکاؤ کیا گیا ہے۔ 16 افراد میں کورونا وائرس کی اطلاع نے ضلع میں تشویش کی لہر دوڑادی ہے۔ لوگ ایک دوسرے سے ملاقات سے گریز کررہے ہیں۔ متاثرین کی فہرست سوشیل میڈیا میں منظر عام پر آگئی جس کے بعد ان کے رشتہ داروں اور دوست احباب بھی پریشان ہیں کیونکہ دہلی سے آنے کے بعد ان متاثرین نے کئی لوگوں سے ملاقات کی تھی۔ جن افراد کے ٹسٹ منفی پائے گئے ان کے ارکان خاندان کو کورنٹائن کردیا گیا۔ ان افراد کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے مقررہ مقامات میں سماجی فاصلہ کی سختی سے پابندی کریں۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے متاثرین اور غیر متاثرین ایک ساتھ ایک ہی مقام پر تھے لیکن ٹسٹ کا نتیجہ نکلتے ہی متاثر پائے گئے افراد کو راتوں رات نظام آباد سے حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔ ڈچپلی میں رکھے گئے افراد میں 6 کا نتیجہ پازیٹیو نکلا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نظام آباد، بانسواڑہ، بودھن اور دیگر مقامات پر تبلیغی جماعت کے ذمہ داروں اور سرگرم کارکنوں کو آئسولیشن سنٹر منتقل کیا گیا کیونکہ دہلی سے واپسی کے بعد کارکنوں نے ان سے ملاقاتیں کی تھیں۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر بانسواڑہ میں تبلیغی جماعت کے امیر کو کورنٹائن سنٹر شفٹ کیا گیا ہے۔ تبلیغی جماعت کے ذمہ داروں اور کارکنوں کے مکانات پہنچ کر بھی پولیس نے معلومات حاصل کی ہیں۔ اسی دوران 15 مارچ کے بعد عمرہ سے واپس ہونے والے افراد پر بھی پولیس اور محکمہ صحت کے عہدیدار نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے مکانات جاکر تفصیلات حاصل کی گئیں اور عمرہ سے واپس ہونے والے بعض افراد کو احتیاطی طور پر کورنٹائن سنٹر منتقل کیا گیا۔ نظام الدین تبلیغی مرکز سے واپس ہونے والے افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کے واقعات منظر عام پر آنے اور اُن میں سے بعض کی اموات کے بعد ریاست بھر میں تبلیغی کارکنوں کی صحت کی نگرانی کی جارہی ہے اور ایسے افراد کا پتہ چلانے کی کوششوں میں حکام مصروف ہیں جو ابھی تک رضاکارانہ طور پر جانچ کیلئے عہدیداروں سے رجوع نہیں ہوئے۔