دہلی سے واپس ہونے والے ورنگل کے کئی شہریوں میں کورونا کی علامات

   

ضلع کلکٹر، میونسپل کمشنر اور پولیس کمشنر کا دورہ ، حالات سے آگاہی
ورنگل۔/5 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تبلیغی مرکز دہلی سے واپس ہونے والے ورنگل کے کئی متاثرہ افراد کے ارکان خاندان جن کی تعداد تقریباً 100 ہے شبہ کی بنیاد پر انہیں ورنگل کے مختلف مقامات جیسے ہوٹل ہریتا، کاکتیہ یونیورسٹی گیسٹ ہاوز اور پورنامی ہوٹل میں بطور آبزرویشن رکھا گیا ہے۔ شہر کے متمول افراد نے ان کے کھانے اور دوسری ضروریات کا انتظام کیا ہے۔ اس کے علاوہ 30 سے زائد افراد کو گاندھی ہاسپٹل حیدرآباد منتقل کردیا گیا ہے۔ شام ہوتے ہی شہر میں سناٹا چھا گیا ہے اور منڈی بازار علاقہ کو سخت ترین پولیس چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا ہے اور کسی بھی فرد کو باہر نکلنے نہیں دیا جارہا ہے۔ تمام عبادت گاہیں بشمول مساجد، چرچس اور منادر کو مقفل کردیا گیا ہے۔ صبح 7 تاشام 4 بجے دکانیں کھلی رکھی جارہی ہیں۔ حیدرآباد تا ورنگل کوئی بھی گاڑیاں چلتی نظر نہیں آرہی ہیں اور شاہراہیں سنسان دکھائی دے رہی ہیں۔ ضلع کلکٹر ، پولیس کمشنرڈاکٹر وشواناتھ رویندر اور میونسپل کمشنر نے شہر کا دورہ کرکے حالات سے آگاہی حاصل کی۔