بنیادی سہولتوں سے محرومی کی شکایت، وزیر داخلہ محمود علی کی مداخلت اور عہدیداروں کو ہدایات
حیدرآباد ۔30۔مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا وائرس کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے حکام نے حالیہ عرصہ میں نئی دہلی سے واپس ہونے والے افراد پر کڑی نظر رکھی ہے۔ نظام آباد اور حیدرآباد میں 30 سے زائد ایسے افراد کو آئیسولیشن سنٹر منتقل کیا گیا جنہوں نے جاریہ ماہ دہلی کا دورہ کیا تھا ۔ دہلی کے نظام الدین علاقہ میں تبلیغی جماعت کے مرکز پر حکومت نے نگرانی سخت کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آج ایک دن میں تبلیغی مرکز سے 200 سے زائد افراد کو معائنہ کیلئے مختلف ہاسپٹلس منتقل کیا گیا۔ گزشتہ دنوں ٹاملناڈو سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی کورونا وائرس سے مبینہ موت کے بعد پولیس اور محکمہ صحت کے حکام نے تبلیغی مرکز میں موجود افراد کو معائنہ کیلئے منتقل کردیا ہے۔ اس مرکز نے ہمیشہ بیرونی ممالک کی جماعتیں موجود رہتی ہیں اور اندیشہ ہے کہ بیرونی افراد کے ذریعہ وائرس مقامی افراد میں منتقل ہوا ہے ۔ حیدرآباد اور نظام آباد کے تبلیغی مراکز سے کئی افراد کو حکام نے معائنہ کے نام پر آئیسولیشن سنٹر منتقل کیا ۔ اطلاعات کے مطابق نظام آباد کے افراد نے 14 مارچ کو نئی دہلی کے نظام الدین مرکز میں اجلاس میں شرکت کی اور 17 مارچ کو بذریعہ طیارہ حیدرآباد واپس ہوگئے۔ ان میں سے ایک شخص کی طبیعت بگڑنے پر حکام نے احتیاطی اقدامات کے طور پر تقریباً 31 افراد کو کل رات دو علحدہ آئیسولیشن سنٹرس میں منتقل کردیا۔ نظام آباد گورنمنٹ ہاسپٹل میں کورونا کے علاج کیلئے خصوصی وارڈ قائم کیا گیا ہے جس میں 15 افراد کو رکھا گیا۔ ان میں سے ایک کو پہلے سے ٹائیفڈ کی شکایت تھی اور رات میں قلب پر حملہ کے بعد انتقال ہوگیا۔ دیگر 16 افراد کو ڈچپلی میں واقع اقلیتی اقامتی اسکول میں رکھا گیا جسے آئیسولیشن سنٹر میں تبدیل کیا گیا ہے ۔ ہاسپٹل اور اسکول میں بنیادی سہولتوں کی کمی اور حکام کی لاپرواہی کے بارے میں وزیر داخلہ محمد محمود علی سے شکایت کی گئی ۔ وزیر داخلہ نے اسکول میں موجود افراد سے بات چیت کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کیں ۔ انہوں نے ضلع کلکٹر اور پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ دونوں مقامات پر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ آئیسولیشن میں رکھے گئے افراد کو درکار ادویات اور مناسب غذا فراہم کی جائے ۔ وزیر داخلہ کی ہدایت کے بعد ریونیو عہدیداروں نے پہنچ کر تفصیلات حاصل کیں اور انتظامات بہتر بنانے کا تیقن دیا ۔ آئیسولیشن سنٹر میں موجود افراد کو مناسب غذا اور فروٹ سربراہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسی دوران نظام آباد جماعت اسلامی کے ذمہ دار ایم این بیگ زاہد نے آئیسولیشن سنٹر میں رکھے گئے افراد کیلئے ضروری اشیاء کا انتظام کیا۔ انہوں نے بہتر طبی سہولتوں کے بارے میں حکام سے نمائندگی کی۔ وزیر داخلہ نے عہدیداروں سے کہا کہ سنٹر میں موجود ضعیف افراد کی صحت پر خصوصی نگرانی رکھی جائے اور انہیں درکار روزانہ کی ادویات سربراہ کی جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ معائنوں کے سلسلہ میں مزید کچھ دن تک مراکز میں رکھا جائے گا۔