نرمل ایس پی ششی دھر راجو کا تبلیغی جماعت سنٹر کا معائنہ ، بروقت رہنمائی پر اظہار تشکر
نرمل یکم / اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع ایس پی نرمل مسٹر ششی دھر راجو نے آج نرمل کی جامع مسجد پہونچکر تبلیغی جماعت نرمل کے سنٹر کا معائنہ کیا ۔ واضح رہے کہ دہلی سے تبلیغی جماعت کی واپسی اور کوروناوائرس سے متاثرین کیلئے بڑی تعداد کے نتیجہ میں محکمہ پولیس کے عہدیداروں نے انتظامی کمیٹی جامع مسجد سے ملاقات کی ۔ معتمد مسجد محمد اظہر الدین نے ضلع ایس پی کو حالات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ انتظامی کمیٹی صرف انتظامی امور تک محدود ہے جماعتوں کے تعلق سے علحدہ ایک کمرہ ہے جو امیر جماعت جناب عبدالحکیم کی نگرانی میں کام انجام دیتا ہے ۔ دریں اثناء امیر جماعت عبدالحکیم صاحب کو اور بھی ذمہ داریوں کو بلایا گیا اور مسجد میں ضلع ایس پی نے تمام تفصیلات حاصل کی ۔ امیر جماعت نے بتایا کہ نرمل سے جملہ بارہ افراد دہلی کیلئے روانہ ہوئے تھے ۔ ان کے ناموں کی فہرست ضلع ایس پی کے حوالہ کی اس موقع پر ضلع ایس پی نے جماعت کے ذمہ داروں کو بتایا کہ ہمارا مقصد عوام کی زندگیوں کا تحفظ ہے اگر کسی کو کویء بھی ایسا مرض لاحق ہوتو وہ پہلے ڈاکٹر سے رجوع ہوں کیونکہ دہلی سے جماعتوں کی واپسی کے بعد ریاست کے مختلف مقامات پر وائرس پھیلنے کی جو اطلاعات ہیں اس کی تحقیقات پولیس کر رہی ہے ۔ جبکہ نرمل میں بارہ لوگوں کے معائنہ کے بعد ابھی تک کسی کو بھی اس مرض میں مبتلا نہیں پایا گیا تاہم ہماری ذمہ د اری ہے کہ احتیاط سے کام لیں کیونکہ اس وباء کا علاج احتیاط ہی ہے ۔ اس موقع پر ضلع ایس پی کے علاوہ امیر جماعت عبدالحکیم صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد مختار احمد خان معتمد محمد اظہرالدین کے علاوہ سینئیر صحافی و اسٹاف رپورٹر سیاست سید جلیل ازہر بھی موجود تھے ۔ ضلع ایس پی نے معتمد جامع مسجد محمد اظہر الدین کی بروقت رہنمائی پر اظہار تشکر کیا ۔