دہلی سے گوا جا رہے انڈیگو طیارے کا ایک انجن خراب ہوگیا

   

ممبئی میں ایمرجنسی لینڈ نگ ‘ کوئی نقصان نہیں ‘تمام مسافر محفوظ

ممبئی ۔17؍جولائی ( ایجنسیز )دہلی سے گوا جانے والی انڈیگو کی پرواز کو انجن میں خرابی کی وجہ سے چہارشنبہ کی رات ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ ذرائع کے مطابق پرواز کے ٹیک آف کے بعد پائلٹ نے تقریباً 9 بج کر 25 منٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو ہنگامی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس کے بعد رات 9 بج کر 42 منٹ پر طیارے کو بحفاظت اتار لیا گیا۔ طیارے کی بحفاظت لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔ دہلی سے گوا جانے والی انڈیگو کی پرواز 6E-231 کو ٹیک آف کے دوران ہنگامی صورتحال کا سامنا کرناپڑا۔ ذرائع کے مطابق طیارے کا ایک انجن درمیان میں ہی فیل ہوگیا جس کے بعد پائلٹ نے فوری طور پر اے ٹی سی کو اطلاع دی اور ممبئی میں ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ رات 9 بج کر 25 منٹ پر ایمرجنسی الارم بجنے کے بعد ایئرپورٹ پر مکمل ایمرجنسی پروٹوکول نافذ کر دیا گیا۔ فائر ٹینڈرز اور ایمبولینسز کو اسٹینڈ بائی پر رکھا گیا۔ طیارہ 9.42 بجے ممبئی ایئرپورٹ پر بحفاظت اترا۔انڈیگو کے ایک ترجمان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ دہلی سے منوہر بین الاقوامی ہوائی اڈے گوا کیلئے پرواز کے دوران، پرواز نمبر 6E 6271 میں تکنیکی خرابی کا پتہ چلا۔ اس کے بعد فوری قواعد پر عمل کرتے ہوئے ہوائی جہاز کا رخ موڑ کر چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے ممبئی پر اتارا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ طیارے کا آپریشن دوبارہ شروع کرنے سے پہلے طیارے کی ضروری جانچ اور دیکھ بھال کی گئی۔ طیارے کا معائنہ کیا گیا اور انہوں نے مسافروں کو ہونے والی تکلیف پر معذرت بھی کی۔