سی بی آئی مقدمہ خارج‘ مقدمہ سیاسی بدنیتی پر مبنی تھا :کویتا
حیدرآباد : 27 فبروری ( سیاست نیوز) تلنگانہ جاگرتی کی صدر و سابق رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کو دہلی شراب اسکام کیس میں بڑی راحت مل گئی ہے ۔ دہلی کی راوس ایونیو عدالت نے سی بی آئی کی جانب سے درج کردہ مقدمہ کو خارج کرتے ہوئے انہیں کلین چٹ دے دیا ہے ۔ عدالتی فیصلہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ عدالیہ پر ان کا اعتماد بحال ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں شروع سے ہی تلنگانہ کے عوام سے کہہ رہی تھی کہ میں دھوئے ہوئے موتی کی طرح باہر آؤں گی اور آج وہی ہوا ۔ کویتا نے الزام لگایا کہ یہ مقدمہ سیاسی بدنیتی کے تحت درج کیا گیا تھا اور تحقیقاتی ایجنسیوں کا استعمال کرتے ہوئے اپوزیشن کو ہراساں کرنے کیلئے کیا گیا ۔ ساڑھے پانچ ماہ تک انہیں ناحق قید میں رکھا گیا جس سے انہیں اور ان کے ارکان خاندان کو شدید ذہنی اذیت برداشت کرنی پڑی ۔ انہوں نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جو اس مشکل وقت میں ان ک یساتھ کھڑے رہے ۔ بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے بھی ابتداء سے اس کیس کو سیاسی قرار دیا تھا ۔ عدالتی فیصلہ کے فوری بعد کویتا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے سچ کی جیت قرار دیا ۔ انہوں نے استفسار کیا کہ برسوں تک ان کے خلاف چلائی گئی منفی مہم کا جواب کون دے گا ۔ کویتا نے اعلان کیا کہ وہ اس آزمائش کے بعد مزید جوش و خروس کے ساتھ عوامی خدمت جاری رکھے گی اور آئندہ دو ماہ بعد نئی سیاسی پارٹی تشکیل دیتے ہوئے عوامی مسائل پر جدوجہد شروع کریں گی اور ریاست میں اقتدار حاصل کریں گی ۔2