نئی دہلی: ای ڈی نے دہلی شراب گھوٹالہ معاملے میں گرفتار عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو کل یعنی جمعرات کو راؤز ایونیو کورٹ میں پیش کیا، جہاں سے سنجے سنگھ کو 5 دنوں کے لئے ای ڈی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔ سنجے سنگھ اور ای ڈی کے دلائل سننے کے بعد راؤز ایونیو کورٹ نے فیصلہ دیا کہ سنجے سنگھ 10 اکتوبر تک ای ڈی کی حراست میں رہیں گے۔ ای ڈی اب سنجے سنگھ کو 10 اکتوبر کو دوپہر 2 بجے عدالت میں پیش کرے گی۔ اس سے قبل عدالت نے کچھ وقت کے لئے ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ بتا دیں کہ ای ڈی نے 10 دن کا ریمانڈ مانگا تھا جبکہ سنجے سنگھ نے ای ڈی کے ریمانڈ کی مخالفت کی تھی۔