دہلی :عوامی مقامات پر مورتی وسرجن کی اجازت نہیں

   

نئی دہلی : دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی (ڈی پی سی سی) نے دہلی میں عوامی مقامات پرمورتی وسرجن پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔کمیٹی نے بدھ کے روز کسی بھی آبی ذخیرے میں مورتی وسرجن پر روک لگادی اور لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے گھروں میں بالٹی یا کنٹینر میں مورتی وسرجن کریں۔ کمیٹی نے کہا ہے کہ اس کی وجہ سے ندیوں اور جھیلوں میں ہونے والی آلودگی باعث تشویش ہے ۔ انہوں نے ایجنسیوں سے کہا کہ مورتی وسرجن کے معاملے میں ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ڈی پی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئندہ درگا پوجا کے دوران یمنا ندی یا کسی دیگر آبی ذخائر/تالابوں/گھاٹوں سمیت کسی بھی عوامی مقامات پر مورتی وسرجن کی اجازت نہیں ہوگی۔