دہلی فرقہ وارانہ فساد، امیت شاہ سے استعفیٰ کا مطالبہ

,

   

حمایت نگر چوراہے پر سی پی آئی کا احتجاج۔ مرکزی وزیرداخلہ کا پتلا نذر آتش کرنے کی کوشش
حیدرآباد۔27فبروری(سیاست نیوز)دہلی کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمیونسٹ قائدین نے تمام فرقہ وارانہ واقعات کی ذمہ داری کو تسلیم کرنے کا مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے مطالبہ کیا اور دہلی میںفرقہ وارانہ فسادات کے دوران ہوئی اموات کی ذمہ داری کو قبول کرتے ہوئے امیت شاہ کے استعفیٰ کی مانگ کی ۔ آج یہاں حمایت نگر چوراہے پر سی پی ائی اسٹیٹ کمیٹی کی جانب سے منعقدہ احتجاجی پروگرام کے دوران وزیر داخلہ امیت شاہ کا علامتی پتلانذر آتش کرنے کی بھی کمیونسٹ کارکنوں نے کوشش کی جس پر موقع پر متعین پولیس نے پانی پھیر دیا۔ پولیس اور کمیونسٹ قائدین کے درمیان میںکافی دیر تک امیت شاہ کے علامتی پتلا کو نذر آتش کرنے اور اس کو بچانے کے لئے ہاتھا پائی کی جاتی رہی۔بعدازاںقومی صدر تنظیم انصاف و سابق رکن پارلیمنٹ ( راجیہ سبھا) سید عزیزپاشاہ‘ سی پی ائی قومی عاملہ رکن ڈاکٹر کے نارائنہ اور سی پی ائی تلنگانہ اسٹیٹ جنرل سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی کے بشمول احتجاجی پروگرام میںشامل پارٹی کے تمام کارکنان کو پولیس نے حراست میں لے کر عابڈس پولیس اسٹیشن اورگوشہ محل پولیس ہیڈکوارٹرمنتقل کردیا۔گرفتاری سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے جناب سیدعزیزپاشاہ نے کہاکہ دہلی جل رہی ہے اور وزیر اعظم اور وزیرداخلہ نیرو کی طرح بانسوری بجاتے ہوئے امریکی صدرکی مہمان نوازی میںمصروف رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چھوٹی چھوٹی بات پر ٹوئٹر کے ذریعہ اپنا ردعمل دینے والے وزیراعظم نریندر مودی بھی آج تک خاموش ہیںاور وزیرداخلہ دہلی میںموجود رہنے کے باوجود پرامن دہلی کو جلنے سے بچانے کی کوشش نہیںکی ہے۔ عزیز پاشاہ نے کہاکہ بی جے پی کاکام ہی نفرت پھیلانے اور پرامن ماحول کو مکدر کرنا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ گجرات ماڈل کو دہلی میںپیش کیاگیا ہے تاکہ اپنی ناکامیوں کو چھپایاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ دہلی میں آتشزنی کے واقعات ‘ جانی اورمالی نقصان کی ذمہ داری کوئی نہیںبلکہ بی جے پی ہے جس کے قائدین دہلی بھر میں نفرت کی آگ اگلتے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ بڑا تشویش ناک ہے ’ حالات پر قابو پانے او رامن کوبحال کرنے کے لئے حکومت کو سخت اقدامات اٹھانے چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ اس کے لئے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کا استعفیٰ ضروری ہے ۔ ڈاکٹر کے نارائنہ او رچاڈا وینکٹ ریڈی نے بھی دہلی کے واقعات پرنریندر مودی اور امیت شاہ کو ذمہ دار ٹہرایا اور مرکزی وزیرداخلہ کی حیثیت سے تمام واقعات کی ذمہ داری کو تسلیم کرتے ہوئے استعفیٰ پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔