دہلی فسادات ، 106 افراد گرفتار، 18 ایف آئی آر درج

   

نئی دہلی ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس نے بتایا کہ شمال مشرقی دہلی کے مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات کے سلسلہ میں اس نے 106 افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں 18 ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دہلی پولیس کے پی آر او ایم اے سرندھاوا نے بتایا کہ خاطیوں کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ فسادات میں ملوث افراد کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جارہا ہے اور پولیس کے پاس اس سے متعلق طاقتور ثبوت بھی موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج دہلی میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ صورتحال پر قریبی نظر رکھی جارہی ہے۔ امن و قانون کی برقراری کیلئے متاثرہ علاقوں میں سینئر آفیسرس کی قیادت میں فلیگ مارچ کیا جارہا ہے۔ چھتوں پر شرپسندوں کی نشاندہی کیلئے ڈرون کیمروں کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ سنگباری اور دیگر شرپسند سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کسی بھی واقعہ کی اطلاع دینے کیلئے انہوں نے دو فون نمبرس عوام کیلئے دیئے ہیں۔ 22829334 ، 22829335 ۔ پریس کانفرنس میں دہلی پولیس کے پی آر او نے میڈیا کے نمائندوں کے کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں۔