دہلی فسادات :آئی بی آفیسر کے قتل کے الزام میں تلنگانہ سے ایک شخص گرفتار

   

حیدرآباد۔12 اکتوبر (سیاست نیوز) دہلی پولیس کے اسپیشل سل نے 34 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے کہ شمال مشرقی دہلی کے 2020 کے فسادات کے دوران اس نے انٹلی جنس بیورو آفیسر انکت شرما کو قتل کیا تھا۔ عہدیداروں نے آج بتایا کہ ملزم منتجب عرف موسیٰ قریشی چاند باغ کا ساکن ہے۔ ملزم کو پیر کے روز گائتری نگر، میر پیٹ تلنگانہ سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق انٹلی جنس بیورو آفیسر انکت شرما کو 25 فروری 2020 کو شمال مشرقی دہلی میں ہوئے فسادات کے دوران ہجوم نے چاند باغ پلیا، کھجوری نالا، مین کاروال نگر میں ہلاک کردیا تھا۔ نعش کو ملزم کی جانب سے چاند باغ نالے میں پھینک دیا گیا تھا۔ دوسرے دن پولیس نے نعش برآمد کی تھی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس (اسپیشل سل) پی ایس کھشوا نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران 10 ملزمین کو گرفتار کیا گیا جن میں اس وقت کے عام آدمی پارٹی کے کونسلر طاہر حسین بھی شامل تھے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق انکت شرما پر تیزدھار ہتھیار سے 52 مرتبہ وار کیا گیا تھا۔ ملزم کی اطلاع دینے پر 50 ہزار کا انعام بھی رکھا گیا تھا۔ خفیہ اطلاع سے معلوم ہوا کہ موسیٰ قریشی 6 ماہ سے تلنگانہ میں مقیم تھا۔