دہلی فسادات اور سی اے اے کے خلاف نماز جمعہ کے بعد مظاہرے

,

   

چندرائن گٹہ ، مغل پورہ ، سعیدآباد ، ہمایوں نگر ، ٹپہ چبوترہ اور دیگر کئی مقامات پر احتجاج

حیدرآباد ۔ /28 فبروری (سیاست نیوز) حیدرآباد میں جمعہ کے موقع پر شہریت ترمیمی قانون ، این آر سی اور دہلی فسادات کیخلاف کئی جگہوں پر احتجاج و مظاہرے کئے گئے ۔ پولیس نے جمعہ کیلئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے تھے اور پرانے شہر کے کئی علاقوں میں ریاپڈ ایکشن فورس کو تعینات کیا گیا تھا ۔ تاریخی مکہ مسجد میں نماز کی ادائگیی کی بعد نوجوانوں کے گروپ نے مغل پورہ فائر اسٹیشن کے قریب دہلی پولیس کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج کیا ۔ سی اے اے اوراین آر سی پر عمل آوری کو فوری روک دینے کا مطالبہ کیا ۔ احتجاجی نوجوان دہلی پولیس کے خلاف نعرے بازی کی اور لا اینڈ آرڈر کی برقراری میں ناکام ہونے اور فساد برپا کرنے والے افراد کے خلاف عدم کارروائی پر اظہار تشویش کی ۔ بعد نماز جمعہ سعیدآباد کی اجالے شاہ مسجد کے باہر کئی افراد نے سیاہ جھنڈے تھام کر دہلی پولیس اور اقلیتوں کو نشانہ بنائے جانے پر احتجاج کیا ۔ سعیدآباد چوراہا سے لیکر پرنٹنگ پریس چوراہے تک احتجاجیوں نے ریالی نکالی جس میں دہلی پولیس کیخلاف نعرے بازی کی گئی اور شہریت ترمیمی قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ۔ اس موقع پر سعیدآباد علاقہ میں بھاری پولیس فورس متعین کردی گئی تھی ۔ اسی طرح مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر کے پاس بعد نماز سی اے اے اور این آر سی کیخلاف احتجاج کیا گیا ۔ احتجاجیوں نے دہلی پولیس کی سرزنش کرتے ہوئے فساد برپا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے جس میں ٹپہ چبوترہ بڑی مسجد ، چندرائن گٹہ ، حافظ بابا نگر کے علاوہ سات گنبد پر بھی عوام نے احتجاج کیا ۔