دہلی فسادات: شاہ عالم سمیت 3 افراد بری

   

یہ فسادات پولیس کی ناکامیوں کیلئے یاد رکھے جائیں گے:عدالت
نئی دہلی :دہلی فسادات سے متعلق ایک کیس کی سماعت کے دوران دہلی کی کڑکڑڈوما عدالت نے جمعرات کو ایک انتہائی اہم فیصلہ سنایا جس میں نہ صرف ملزم طاہر حسین کے بھائی شاہ عالم اور دیگر دو افراد کو الزامات سے بری کر دیا، بلکہ دہلی پولیس کو سخت پھٹکار بھی لگائی۔ عدالت نے واضح لفظوں میں کہا کہ یہ فسادات دہلی پولیس کی ناکامی کیلئے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔تین افراد کو الزامات سے بری کرنے کے بعد ایڈیشنل سیشن جج ونود یادو نے پولیس جانچ کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ میں خود کو یہ کہنے سے نہیں روک پا رہا ہوں کہ تاریخ میںبٹوارے کے بعد ہوئے اس سب سے بھیانک فسادات کو پولیس کی ناکامی کے طور پر یاد رکھے گا۔ پولیس نے جانچ کے نام پر عدالت کی آنکھوں میں پٹی باندھنے کا بھی کام کیا۔دہلی فسادات معاملہ میں پولیس کی لاپروائی پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے جج نے کہا کہ فسادات کی کارروائی کے دوران پولیس نے صرف چارج شیٹ داخل کرنے کی جلدبازی دکھائی، اصل معنوں میں کیس کی جانچ ہو ہی نہیں رہی۔ یہ صر وقت کی بربادی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج ونود یادو نے کچھ اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ دہلی کے شمال مشرقی ضلع میں ہوئے فسادات میں 750 معاملے داخل کیے گئے ہیں، ان میں سے بھی بیشتر کیس کی سماعت اسی (کڑکڑڈوما) کورٹ کے ذریعہ کی جا رہی ہے۔