سی پی آئی قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا کا پارٹی قائدین کے ساتھ متاثرہ علاقوں کا دورہ
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا ، پروفیسر دنیش ورشینی سکریٹری سی پی آئی دہلی اسٹیٹ کونسل، کامریڈ افسر احمد سکریٹری، راجکمار اسسٹنٹ سکریٹری نارتھ ایسٹ دہلی، سنجیو کمار رانا اسسٹنٹ سکریٹری سی پی آئی نارتھ دہلی اور ببن کمار سنگھ اسٹیٹ کونسل ممبر سی پی آئی دہلی نے دارالحکومت میں حالیہ فساد سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور مقامی عوام سے ملاقات کی۔ سی پی آئی نارتھ ایسٹ دہلی کی ڈسٹرکٹ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فسادات اور اس کے متاثرین کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا کی قیادت میں سی پی آئی قائدین نے نورالٰہی، نارتھ گونڈہ، یمنا وہار، بھجن پورہ اور دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا۔ دورہ کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے سی پی آئی قائدین کو تفصیلات سے واقف کرایا۔ دورہ کے موقع پر سی پی آئی قائدین نے فسادات کی مذمت کی اور حکومت کی جانب سے خاطیوں کے خلاف کارروائی اور متاثرین کی بازآبادکاری کا مطالبہ کیا۔ سی پی آئی قائدین کا احساس ہے کہ دہلی فسادات منصوبہ بند تھے اور بی جے پی لیڈر کپل مشرا اور دوسروں کی اشتعال انگیز تقاریر کے بعد ہجوم نے حملے کئے ہیں۔ قائدین نے کہا کہ فسادات کے آغاز کے بعد پولیس نے اپنی ذمہ داری نہیں نبھائی اور اشرار کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ فرقہ وارانہ ایجنڈے کے ساتھ فساد برپا کیا گیا۔ ہائی کورٹ کے جسٹس مرلیدھر اور جسٹس تلونت سنگھ نے سماعت کے دوران بی جے پی قائدین کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد اسی رات جسٹس مرلیدھر کا تبادلہ کردیا گیا۔ سی پی آئی نے عوام کو مشتعل کرنے والے بی جے پی قائد کپل مشرا اور دوسروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند اور دہلی حکومت کو امداد اور بازآبادکاری کے کام فوری طور پر تیز کرنے چاہیئے۔ سی پی آئی قائدین متاثرین کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد قومی سطح پر فنڈز جمع کریں گے اور متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔