دہلی فسادات : پیس پارٹی کی سپریم کورٹ میں درخواست

,

   

پرتاپ گڑھ۔ 4مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پیس پارٹی دہلی فسادات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ میں رٹ داخل کرے گی ۔پارٹی کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی تحقیقات میں یہ واضح ہوا ہے کہ دہلی فسادات کو انجام دینے میں آر ایس ایس کے ایجنٹ ملوث رہے ہیں ۔ پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے یواین آئی سے بات چیت کے دوران مذکورہ بات کہی ۔ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ حکومت فسادات کو اکسانے و انجام دینے والوں کے برعکس فسادات کے متاثرین کے خلاف کارروائی کر رہی ہے ۔ایس آئی ٹی کی تشکیل میں ایسے افسران کو تقرر کیا گیا ہے جن کا کردار مزید مشتبہ ہے ۔حکومت پوری طرح آر ایس ایس کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے ۔مذہب کے نام پر نفرت پھیلا کر شہریوں کے مابین تفریق پیدا کی جارہی ہے ۔ اقتدار کے لوگ جن کا کام نظم نسق کو درست رکھنا ہے وہی قانون شکنی کر کے فسادات کرانے میں ملوث ہیں ۔جب اقتدار و انتظامیہ ہی اپنی غیرتی ذمہ داری سے بھٹک جائے تو ملک کا مشتقبل کیا ہوگا ۔جہاں جہاں سی اے اے کی حمایت میں ریلی نکالی گئ وہاں وہاں حالات مزید خراب ہوئے ہیں ۔اس کے برعکس جہاں سی اے اے کے مخالفت میں مظاہرہ ہو رہا ہے وہاں امن امان قائم ہے ۔حکومت سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی امید نہیں کی جا سکتی ۔ بی جے پی و آر ایس ایس کے لوگ جنہوں نے فسادات بھڑکانے کا کام کیا وہ کھلے عام گھوم رہے ہیں ،اور بے گناہوں کے خلاف کارروائی کر کے ان کا استحصال کیا جارہا ہے ۔ بی جے پی لیڈر کپیل مشرہ پولیس کے سامنے کھلے عام مظاہرین کو دھمکی دے رہا ہے اور پولیس ابھی تک خاموش ہے ۔ دہلی فسادات وزیر داخلہ کی بہت بڑی ناکامی ہے ۔ پیس پارٹی انصاف اور آئین کا راج قائم کرنے کے مطالبہ کیلئے پچیس لاکھ پوسٹ کارڈ صدر جمہوریہ کو روانہ کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ دہلی فسادات کے متعلقہ کیجریوال سرکار کا کردار مشتبہ رہا ہے ۔پیس پارٹی لیگل سیل کی تشکیل کر متاثرین کا تعاون کرے گی ،اور حکومت کے خلاف سپریم کورٹ میں رٹ داخل کرے گی ۔پیس پارٹی اپنی غیرتی ، سیاسی و انسانی ذمہ داری پر پوری طرح عملدرآمد کرے گی ۔