دہلی فسادات کے خلاف کینیڈا ، امریکہ اور یوروپی ممالک میں آج مظاہرے

   

خونریزی ، آتشزنی ، قتل و غارت گیری روکنے میں بی جے پی حکومت کی ناکامی سے دنیا کو باخبر کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔28فروری(سیاست نیوز) دہلی میں ہوئی خونریزی اور مسلم کش فساد کے متاثرین سے اظہار یگانگت کیلئے دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور 29 فروری بروز ہفتہ دنیا بھر کے کئی ممالک اور شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ برلن میں دہلی فساد متاثرین کے ساتھ اظہار یگانگت کیلئے 2بجے دن ہندستانی سفارتخانہ کے قریب مارچ نکالا جائے گا‘ برزلس میں 3 بجے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ ڈبلن میں 3بجے ہندستانی سفارتخانہ پر احتجاج کیا جائے گا۔ فرینکفرٹ میں ٹی بی ڈی پر 3بجے مظاہرہ کیا جائے گا۔ جینیوا میں بھی 3بجے دن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ہیگ میں ہندستانی سفارتخانہ کے روبرو 3 بجے دن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ ہمبرگ میں واقع ہندستانی قونصل خانہ کے روبرو دہلی فساد متاثرین سے اظہار یگانگت کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔کولن میں بھی 3بجے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جبکہ لندن میں ہندستانی ہائی کمیشن کے روبرو 3:30 بجے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔مونیق میں 12:30 بجے احتجاجی مظاہرہ کے ذریعہ سرکاری سرپرستی میں کی جانے والی غنڈہ گردی کی مذمت کی جائے گی۔کراقو میں بھی 3 بجے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔پیرس میں 3 بجے دہلی فساد کے متاثرین سے اظہار یگانگت کیا جائے گا۔اسی طرح اسٹالکہوم میں بھی ہندستانی سفارتخانہ کے روبرو 3 بجے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔کناڈا کے شہر سررے میں بھی 3بجے دن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ فن لینڈ کے شہر ٹمپیر میں 4بجے شام ہندستانی عوام احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دہلی میں فساد کے دوران حکومت کی ناکامی پر احجاج درج کروائیں گے۔ان شہروں اور ممالک کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی دہلی میں ہوئے فرقہ وارانہ فسادات کے خلاف ہفتہ کے دن احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے اور دنیا کے بیشتر ممالک میں موجود ہندستانی سفارتخانوں اور قونصل خانوں کے روبرو یہ احتجاج کیا جائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ امریکی ریاستوں میں بھی ہفتہ اور اتوار کے دن احتجاج منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ ہندستان میں فرقہ واریت پر حکومت کی ناکامی کے خلاف عالمی توجہ مبذول کروائی جائے۔