زخمیوں کو محفوظ طریقے سے دواخانہ منتقل کرنے کی پولیس کو ہدایت
نئی دہلی۔ 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی میں فرقہ وارانہ فسادات پر دہلی ہائیکورٹ نے آدھی رات کو سنوائی کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت دی ہے فسادات میں زخمی ہونے والے افراد کو محفوظ طریقے سے سرکاری دواخانوں میں پہنچائیں اور ہنگامی علاج کو یقینی بنائیں۔ عدالت نے مخصوص سنوائی کا اہتمام کیا اور اس کا آغاز آدھی رات کو 12:30 بجے ہوا اور یہ سنوائی جسٹس ایس مرلی دھر کی رہائش گاہ پر ہوئی کیونکہ وکلاء نے کہا کہ موجودہ حالات میں زخمیوں کو جی ٹی بی ہاسپٹل تک پہنچانے میں دشواریاں ہورہی ہیں۔ جسٹس ایس مرلی دھر اور انوپ جے بھامانی نے دہلی پولیس کو ہدایت دی کہ وہ فسادات میں زخمی ہونے والے افراد کو محفوظ راستے سے ہنگامی علاج کیلئے دواخانوں تک پہنچائیں۔ مزید کہا گیا کہ زخمیوں کو مولانا آزاد، لوک نائیک جئے پرکاش نارائن ہاسپٹل یا کسی اور دواخانہ منتقل کریں۔ بینچ نے موجودہ حالات کی رپورٹ بھی طلب کی جس میں زخمی ہونے والے افراد اور انہیں فراہم کئے جانے والے علاج کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔