نئی دہلی 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت ہند نے ایران کے سفیر علی شیغنی کو طلب کیا اور دہلی کے حالیہ فسادات پر ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کی جانب سے دیئے گئے بیان پر شدید احتجاج کیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایرانی سفیر سے کہا گیا کہ جواد ظریف نے ایک ایسے مسئلہ پر بیان دیا ہے جو ہندوستان کا خالص داخلی معاملہ ہے۔ پیر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں جواد ظریف نے دہلی میں ہوئے مسلمانوں کے خلاف فساد کی مذمت کی تھی۔ اِس مسئلہ پرآج ایران کے سفیر کو طلب کرکے حکومت ہند کی جانب سے احتجاج درج کروایا گیا ۔ جواد ظریف نے ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ایران ہندوستان میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والے منظم تشدد کی مذمت کرتا ہے۔ ہندوستان اور ایران کے درمیان برسوں سے دوستی ہے اور ہم زور دیتے ہیں کہ ہندوستانی حکام تمام ہندوستانی شہریوں کے تحفظ کا خیا ل رکھیں اور لا قانونیت کو ختم کردیں۔