دہلی فساد : رتن لال مرڈر کیس میں ملزم سلیم عرف منااور سمیر کو ضمانت

   

نئی دہلی : شمال مشرقی دہلی فساد میں کے کے ڈی کورٹ کے ایڈیشنل جج ونود یاود نے آج علحدہ فیصلوں میں رتن لال قتل مقدمہ میں گرفتار سمیر عرف ساحل اور سلیم ملک عرف منا کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے اس سلسلے میں جمعیتہ علما ء ہند کی طرف سے مقررکردہ وکیل ایڈوکیٹ سلیم ملک کے اس دعوی کو تسلیم کیا کہ اسی طرح کے کیس میں دہلی ہائی کورٹ نے ملزم محمد ایوب او رملزم شہنواز کو 14 ستمبر2021ء کو ضمانت دی تھی۔اس لیے کچھ شرطوں کے ساتھ ان دونوں ملزموں کو بھی ضمانت دی جاتی ہے ، اس سلسلے میں ان دونوں پر مبلغ 35 ہزار زر ضمانت طے کی گئی ہے ، نیز سلیم ملک عرف منا چاند باغ کے اپنے پتہ پر ہی رہیں گے ، وہ شہر سے باہر نہیں جائیں گے ، اسی طرح سمیر بھی چاند باغ کے اپنے پتہ پر ہی ٹھہریں گے۔ ان دونوں کو دہلی فساد میں ڈیوٹی پر تعینات ہیڈ پولس کانسٹبل رتن لال کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔