دہلی فساد :طاہر حسین کو مزید ایک دن کی پولیس تحویل

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی ۔ /20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی عدالت نے عام آدمی پارٹی سے معطل کونسلرطاہر حسین کو حالیہ شمال مشرقی دہلی فرقہ وارانہ فساد کے سلسلہ میں مزید ایک دن کی پولیس تحویل میں دیدیا ہے ۔ چیف میٹرو پولیٹین مجسٹریٹ پون سنگھ راجوت نے طاہر حسین کو پوچھ گچھ کیلئے پولیس تحویل میں دیا ۔ پولیس نے انہیں ایک اور کیس میں گرفتار کیا ہے ۔ طاہر حسین کے وکیل جاوید علی نے کہا کہ یہ تیسرا کیس ہے جس میں تشدد کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ پولیس نے طاہر حسین کو مزید ایک دن کیلئے تحویل میں دینے کی خواہش کی تھی ۔ اس کیس میں شریک ملزم کا پتہ چلایا گیا ہے جس نے فساد کیلئے سازش تیار کی تھی ۔ قبل ازیں طاہر حسین کو انٹلیجنس بیورو کے عہدیدار انکت شرما کی مبینہ ہلاکت کے سلسلہ میں 5 دن کی تحویل میں دیا گیا تھا ۔ طاہر حسین کو آئی بی عہدیدار کے قتل کے سلسلہ میں ان کے مبینہ رول کیلئے ماخوذ کیا گیا ہے۔ انہیں /5 مارچ کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ عام آدمی پارٹی نے دہلی فساد میں ان کے مبینہ ملوث ہونے پر پارٹی سے معطل کردیا ہے ۔ انہوں نے ان تمام الزامات کو مسترد کیا ہے ۔ /24 فبروری کو دہلی فساد بھڑک اٹھاتھا ۔ سی اے اے کیخلاف احتجاج کے دوران تشدد میں کئی مکانات ، دوکانات اور گاڑیوں کو آگ لگادی گئی تھی ۔