نئی دہلی: دہلی میں چند دن قبل16 سالہ ساکشی کا سرعام قتل کردیا گیا تھا۔ 28 مئی کو شہباز ڈیری کے علاقے میں ساحل خان نے متعدد بار چاقو سے حملہ اور متعدد بار لاتیں ماریں اور سیمنٹ والے پتھر سے چھ بار اس پر حملہ کیا تھا ۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کئی انکشافات ہوئے ہیں۔ اتوار کو بتایا گیا کہ ساکشی کی کھوپڑی کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیے گئے تھے اور چاقو کے متعدد واروں کی وجہ سے اس کی آنتیں بھی جسم سے باہر آ گئی تھیں۔ذرائع کے مطابق ساکشی کے جسم میں 16 گہرے زخم تھے جن میں زیادہ خون بہنے سے ان کی موت واقع ہوئی۔اس کے اہم اعضاء پر کل 11 زخم پائے گئے اور اس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی۔ پیٹ کے نیچے گہرا زخم تھا۔ساحل خاں نامی نوجوان نے جب ساکشی پر حملہ کیا اور اسے چاقو مارا تو قریب ہی سات سے آٹھ راہگیر بھی وہاں موجود تھے۔گہرے سرخ رنگ کی قمیض پہنے ایک شخص نے مداخلت کرنے کی کوشش کی، لیکن ساحل نے اسے دھکیل دیا۔ سی سی ٹی وی ویڈیو میں ساحل لڑکی کو چھرا گھونپتا رہتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ کھڑے لوگوں کو دھمکیاں بھی دیتا ہے جس سے وہ منتشر ہو گئے۔ساکشی کے سرعام قتل کا سی سی ٹی وی ویڈیو فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔