دہلی مذہبی اجتماع کے جملہ 6 شرکاء کورونا سے فوت

   

Ferty9 Clinic

شہر میں چار اور اضلاع میں دو کی موت ۔ اجتماع کے شرکا ء سے حکام سے رجوع ہونے کی اپیل
حیدرآباد 30 مارچ ( سیاست نیوز ) جاریہ ماہ کی 13تا 15 تاریخ کے دوران دہلی کے نظام الدین مرکز میں مذہبی سرگرمی میں حصہ لینے والے چند افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے جن میں تلنگانہ کے چند افراد بھی شامل ہیں اور ان میں سے اب تک چار افراد کی موت واقع ہوچکی ہے ۔دو کی موت گاندھی ہاسپٹل میں واقع ہوئی ہے جبکہ اپولو ہاسپٹل اور گلوبل ہاسپٹل میں ایک ایک و نیز شہر نظام آباد اور گدوال میں ایک ایک موت واقع ہوئی ۔ ان حقائق کے پس منظر میں متعلقہ اضلاع کے کلکٹروں کی رہنمائی میں خصوصی ٹیموں کے ذریعہ وائرس سے متاثرہ مشتبہ افراد کی نشاندہی کرکے انہیں فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے ۔ بعد ازاں ان کا معائنہ کرتے ہوئے ان کیلئے علاج کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں چونکہ اس مذہبی سرگرمی میں شامل تمام افراد کا وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ لاحق ہے اسی لئے محکمہ صحت و طبابت نظام الدین مرکز کی اس مذہبی سرگرمی میں شامل تمام افراد سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اپنی شرکت سے متعلق حکام کو مطلع کریں تاکہ حکومت ایسے لوگوں کیلئے ٹیسٹ منعقد کرتے ہوئے انہیں مفت علاج مہیا کرسکے ۔ لہذا نظام الدین مرکز پر مذہبی سرگرمی میں شامل تمام افراد کو ہر حال میں اپنی شرکت سے متعلق حکام کو واقف کروانا چاہیئے ۔ اسی طرح ایسے افراد کی شرکت سے واقف دوسرے افراد کو بھی چاہیئے کہ وہ ان افراد کی شرکت سے متعلق محکمہ صحت و طبابت کے حکام کو آگاہ کریں ۔