نئی دہلی :دہلی کے ایم سی ڈی الیکشن کیلئے اتوار کو ووٹنگ ہوگی جبکہ آج شام انتخابی مہم کا اختتام عمل میں آیا۔ چار دسمبر کو ووٹنگ ہوگی۔ امیدوار آج شام تک بھی عوامی جلسوں کے ذریعہ ووٹرس کو لبھانے میں مصروف دیکھے گئے۔ادہلی میونسپل الیکشن میں اس مرتبہ جیسا نظارہ ہے ویسا شائد پہلے کبھی نہیں رہا۔ میونسپل میں اپنا اقتدار برقرار رکھنے کے لیے بی جے پی نے اتنی طاقت کبھی نہیں لگائی تھی۔ کونسلر امیدواروں کی تشہیر کرنے اور ان کی طرف سے ووٹ مانگنے کے لیے بی جے پی کے وزرا اور وزیراعلیٰ تک گلی محلوں میں جلسے کرتے دیکھے گئے۔ عاپ اپنے کام کی بنیاد پر میونسپل کے اقتدار میں نقب لگانا چاہتی ہے جب کہ بی جے پی اس پر الزاموں کی بوچھار کرکے اپنا قبضہ برقرار رکھنا چاہ رہی ہے۔دہلی ایم سی ڈی الیکشن کو لے کر جمعہ شام سے لے کر اتوار شام تک شراب کی دکانیں بند رہیں گی۔ اس کے بعد سات دسمبر کو بھی ڈرائی ڈے رہے گا۔ دہلی میونسپل الیکشن کو دیکھتے ہوئے ڈرائی ڈے قرار دیا گیا ہے۔ دہلی میونسپل کے 250 وارڈوں کے لیے چار دسمبر یعنی اتوار کو ووٹنگ ہوگی۔ ووٹو کی گنتی سات دسمبر کو ہوگی۔ دہلی محکمہ آبکاری نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی والے دن سات دسمبر کو بھی شراب کی فروخت پر پابندی رہے گی۔اس مرتبہ برسر اقتدار بی جے پی اور دہلی کی عام آدمی پارٹی میں دہلی میونسپل کارپوریشن کو لے کر سخت مقابلہ دیکھا جارہا ہے۔