نئی دہلی: ایک چونکا دینے والے واقعے میں، ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں ایک شخص کو چلتی دہلی میٹرو کے اندر نامناسب حرکت میں ملوث دکھایا گیا ہے۔ اگرچہ اس ویڈیو نے عوام میں غم و غصے کو جنم دیا ہے، تاہم دہلی میٹرو حکام نے ابھی تک اس پرکوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ وہ شخص ٹرین کے اندر بیٹھا ہے اور بغیر کسی خوف اور شرم کے اس حرکت میں مصروف ہے۔ اس واقعے نے دہلی میٹرو میں سفرکرنے والی خواتین اور بچوں کی حفاظت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اس ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے دہلی کمیشن برائے خواتین نے جمعہ کو دہلی پولیس اور دہلی میٹروکو سخت کارروائی کرنے کا نوٹس جاری کیا۔ ڈی سی ڈبلیو کی چیئرپرسن سواتی نے کہا ایک وائرل ویڈیو دیکھنے میں آیا جس میں ایک آدمی کو بے شرمی سے دہلی میٹرو میں مشت زنی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ بالکل قابل نفرت اور بیمار ذہینت ہے۔ میں دہلی پولیس اور دہلی میٹروکو نوٹس جاری کر رہی ہوں۔
