نئی دہلی، 29 اگست (یواین آئی) دہلی میٹرو کی ییلو لائن پر میٹرو سروس نئی دہلی اور پٹیل چوک کے درمیان جمعہ کی صبح سے دوپہر 12 بجے تک معطل رہی۔ اس دوران ہزاروں لوگوں کو دفتر آنے اور جانے میں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کی طرف سے یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سگنل سے متعلق دشواری کی وجہ سے ییلو لائن پر میٹرو سروس تقریباً 7.30 بجے سے دوپہر 12 بجے تک معطل رہی۔ تکنیکی خرابی کے پیش نظر کشمیری گیٹ اور پٹیل چوک کے درمیان ٹرینوں کو 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلانا پڑا جب کہ باقی یلو لائن پر سروس معمول کے مطابق جاری رہی۔ اس دوران مسافروں کو اسٹیشن اور ٹرینوں کے اندر اعلانات اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی آگاہ کیا گیا۔ ڈی ایم آر سی کے تکنیکی اور دیکھ بھال کے محکمے کی ٹیم نے سینئر افسران کی نگرانی میں متاثرہ علاقے میں اس خرابی کو دور کیا اور خدمات کو بحال کیا۔