نئی دہلی: دہلی میں اتوار کی صبح لوگوں کو یخ بستہ سرد لہروں کا سامنا کرنا پڑا جہاں صبح کا کم سے کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اس موسم کا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہفتہ کے روز دہلی میں موسم کا اب تک کا سب سے سرد دن تھا اور درجہ حرارت میں چھ ڈگری سیلسیس کی کمی آئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں اگلے چند دنوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی آئے گی۔ محکمہ کے مطابق کل کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس سے نیچے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ شمالی ہندوستان کے دیگر حصوں میں آئندہ دو تین دنوں تک سردی کی لہر جاری رہے گی۔ محکمہ نے پیش گوئی کی ہے کہ 21 دسمبر تک شمالی راجستھان، پنجاب، ہریانہ اور چنڈی گڑھ کے کچھ حصوں میں سردی کی لہر سے حالات شدید ہو سکتے ہیں۔