دہلی میںکورونا کیسس میں اضافہ، حکومت کی سخت پابندیاں

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی ۔ دہلی میں اتوار کو کورونا وائرس نے سارے ریکارڈ توڑ دئے ہیں۔ قومی راجدھانی دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10 ہزار 774 نئے معاملات سامنے آئے ہیں جبکہ 48 افراد کی موت ہوئی ہے۔ دہلی میں کل ٹیسٹ ایک لاکھ 14 ہزار 288 ہوئے تھے ، جس میں پازیٹیویٹی شرح 9.43 فیصد رہی۔ یہ اعداد و شمار ڈرانے والے ہیں۔ ادھر ملک کی راجدھنی دہلی میں کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے دہلی پولیس نے لوگوں کو بیدار کرنے کیلئے گلاب کے پھول کا سہارا لیا ہے۔کجریوال حکومت نے کورونا کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے سخت پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دہلی میں اب آخری رسومات میں 20 لوگ جبکہ شادی کی تقریب میں 50 لوگ شامل ہو سکتے ہیں، ریسٹوران بھی اپنی صلاحیت کے 50 فیصد پر کام کریں گے، جبکہ میٹرو میں کوچ کی صلاحیت کے 50 فیصد لوگ ہی سفر کریں گے۔یہ پابندیاں 30 اپریل تک جاری رہیں گی۔ دہلی میں ہر قسم کے سماجی، سیاسی، کھیل، تفریحی، تعلیمی، ثقافتی، مذہبی، تہوار سے متعلق اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، تمام سوئمنگ پول بھی بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے، تاہم ان سوئمنگ پولوں کو اس حکم سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے، جہاں کھیلوں میں حصہ لینے والے افراد قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کی تربیت لے حاصل کر رہے ہیں۔ یہاں تک کہ میٹرو میں اور بسوں میں بھی بیک وقت گنجائش سے آدھے لوگ ہی سفر کرسکیں گی۔اسٹیڈیم میں کھیلوں کے مقابلوں کی اجازت ہوگی لیکن کسی تماشائی کے آنے کی اجاز نہیں ہوگی۔ سینما ہال، تھیٹر اور ملٹی پلیکس 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ چلیں گے۔ جبکہ تمام اسکول، کالج، تعلیمی ادارے یا کوچنگ مراکز بند رہیں گے۔دریں اثنا، آن لائن کلاسز کو فروغ دیا جائے گا۔
دہلی حکومت کے تمام سرکاری دفاتر، خود مختار ادارے، پی ایس یو، کارپوریشنز اور بلدیاتی اداروں میں گریڈ اول یا اس کے مساوی تمام افسران حاضر رہیں گے جبکہ باقی عملہ 50 فیصد صلاحیت پر کام کرے گا۔ محکمہ صحت کے اہلکار، پولیس اہلکار، ہوم گارڈ سول ڈیفنس، فائر اینڈ ایمرجنسی یا ضلعی انتظامیہ کے لوگ بغیر کسی پابندی کے کام جاری رکھیں گے۔نجی دفاتر اور تنظیموں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو مختلف اوقات پر حاضر ہونے کے لئے کہیں، تاکہ پورا عملہ بیک وقت دفتر میں جمع نہ ہو۔ جتنا ممکن ہو سکے گھر سے کام (ورک فرام ہوم) کیا جائے۔ طیارے کے ذریعہ مہاراشٹر سے دہلی آنے والے تمام مسافروں کو دہلی میں داخلے کے لئے زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے پرانی منفی آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔ منفی ٹیسٹ رپورٹ کے بغیر مہاراشٹر سے آنے والوں کو 14 دن تک قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ آئینی اور سرکاری مشینری سے وابستہ افراد اس اصول سے مستثنیٰ رہیں گے۔