شاہین باغ احتجاجیوں کو اکسانے کا الزام ، خودکش حملہ کی کوشش بھی کی جارہی تھی
نئی دہلی ۔ /8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دارالحکومت دہلی کے جامعہ نگر سے دولت اسلامیہ کے کھراسانا ٹولے سے وابستہ ایک جوڑے کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ جوڑا دہلی میں سی اے اے کیخلاف احتجاج کرنے والوں کو مبینہ طور پر اکسارہا تھا ۔ اس جوڑے کی شناخت 36 سالہ جہاں زیب سمیع اور ان کی اہلیہ حنا بشیر بیگ کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس اسپیشل سیل پرمود سنگھ نے کہا کہ یہ جوڑا سرینگر سے تعلق رکھتا ہے ۔ دہلی میں جامعہ نگر میں رہ رہا تھا ۔ آئی ایس آئی ایس سے جڑے ہونے کے شک میں دہلی کے اوکھلا علاقہ سے حراست میں لیا گیا ۔ ان کے قبضہ سے حساس مواد بھی برآمد کیا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں مشتبہ شوہر بیوی دہلی کے خودکش حملہ کے فراق میں تھے ۔ دونوں نے ملکر انڈین مسلم یونائیٹیڈ نام سے ایک سوشیل پلیٹ فارم بھی قائم کیا تھا ۔ اس کا مقصد لوگوں کو سی اے اے ، این آر سی ، این پی آر کیخلاف مظاہروں میں شامل ہونے کیلئے ترغیب دینا تھا ۔ دونوں میاں بیوی آئی ایس آئی ایس سے وابستہ ہیں ۔ گزشتہ سال اگست میں دہلی آئے تھے ۔ ان کے پاس سے قابل اعتراض دستاویزات بھی برآمد کئے گئے ہیں ۔ پوچھ گچھ سے پتہ چلا کہ ان لوگوں نے فیس بک ، انسٹاگرام ، ٹیوٹر وغیرہ پر بھی اپنے نظریات کو پھیلانا شروع کیا تھا ۔ ان کے قبضہ سے 4 موبائیل فون ، ایک لیپ ٹاپ ، ایک ہارڈ ڈسٹک اور اشتعال انگیز مواد کو ضبط کیا گیا ۔ دونوں کیخلاف کیس درج کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔