چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کی دہلی روانگی ، اعلیٰ قائدین سے ملاقات
حیدرآباد۔28۔نومبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر اے ریونت ریڈی 29 نومبر کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے انتہائی اہم اجلاس کانگریس ورکنگ کمیٹی میں شرکت کے لئے دہلی روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس جو کہ 29 نومبر کو اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر دہلی میں منعقد ہونے والا ہے اس اجلاس میں شرکت کے لئے چیف منسٹر تلنگانہ دہلی روانہ ہورہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزیر صحت مسٹر دامودر راج نرسمہا ساتھ ہوں گے۔صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی مسٹر ملکارجن کھرگے کی زیر صدارت منعقد ہونے والے کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی مدعو کی حیثیت سے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر اے ریونت ریڈی شرکت کریں گے اور اپنے دورہ دہلی کے دوران ریونت ریڈی پارٹی کے اعلیٰ قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ریونت ریڈی کے بار بار دورہ ٔ دہلی پر اپوزیشن کی جانب سے تنقیدیں کی جار ہی ہیں لیکن ریونت ریڈی نے گذشتہ دورۂ دہلی سے قبل کی گئی پریس کانفرنس کے دوران یہ واضح کردیا تھاکہ وہ ریاست کے فائدے کے لئے دہلی کے ہزار دورہ کرنے کے لئے تیار ہیں اور انہیں کسی کی تنقیدوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ مسٹر ریونت ریڈی نے کہا تھا کہ وہ دہلی میں اپنے خلاف کاروائی رکوانے کے لئے وزیر اعظم کے آگے گھٹنے ٹیکنے کے لئے نہیں جاتے ہیں بلکہ ریاست کی ترقی کے لئے تلنگانہ کا حق مانگنے کے لئے دہلی کا دورہ کرتے ہیں۔3