دہلی میں اساتذہ کی کمی کی وجہ سے تعلیم متاثر : ورما

   

نئی دہلی : بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ پرویش ورما نے بتایا کہ دہلی میں 29,000 اسکول اساتذہ کی کمی ہے جس کی وجہ سے اسکولی بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے اور ان کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ہورہا ہے ۔ بدھ کو لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے مسٹر ورما نے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال پنجاب میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے اساتذہ کو مستقل کرنے کی بات کرتے ہیں جبکہ دہلی کے 22,000 عارضی اساتذہ کو آج تک مستقل نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ دہلی کے سرکاری اسکولوں کے ایک لاکھ بچے نویں جماعت میں فیل ہوئے ہیں کیونکہ اسکولوں میں تعلیمی نظام خراب ہے ۔ترنمول کانگریس کی شتابدی رائے نے بتایا کہ پورے ملک میں بہت سے دوردرشن مراکز بند ہو رہے ہیں جو کہ تشویشناک ہے ۔ انہوں نے حکومت سے کہا کہ وہ سوچے کہ دوردرشن خسارے میں کیوں ہے جبکہ دیگر نجی چینل منافع میں ہیں۔بی جے پی ایم پی روی کشن نے لوک سبھا میں مطالبہ کیا کہ فلمی ستاروں کو اسکرین پر ان کی ظاہری شکل کے مطابق رائلٹی ملنی چاہیے ۔مسٹر کشن نے کہا کہ ہالی ووڈ اور چینی فلم انڈسٹری میں اداکاروں کے لیے روائلٹی کا نظام ہے اور ہندی، بھوجپوری اور جنوبی سنیما میں کام کرنے والے اداکاروں کے لیے بھی ایسا ہی ہونا چاہیے ۔انہوں نے بتایا کہ اداکاروں کی اداکاری کے دوران اسکرین پر جتنی موجودگی ہوتی ہے اس کے پیش نظر انہیں فلم کی ریلیز کے بعد ٹیلی ویژن چینل وغیرہ پر دکھانے کی رائلٹی بھی ملنی چاہیے جس کی ایک حد مقرر کی جاسکتی ہے ۔وائی ایس آر سی پی کے پی وی متھن ریڈی نے آندھرا پردیش کے کڈپا اور چتوڑ میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے لیے مرکز سے جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔