دہلی میں اسمبلی انتخابات کیلئے 5 فروری کو ووٹنگ

,

   

8 فروری کو نتائج کا اعلان ہوگا، چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کا اعلان

نئی دہلی : دہلی میں 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے ایک ہی مرحلے میں 5 فروری کو ووٹنگ ہوگی اور نتائج کا اعلان 8 فروری کو کیا جائے گا۔دہلی اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے آج کہا کہ تمام 70 سیٹوں پر ایک ہی مرحلے میں 5 فروری کو ووٹنگ ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 فروری کو ہوگی۔مسٹر کمار نے کہا کہ دہلی میں کل 1 کروڑ 55 لاکھ ووٹر ہیں، جن میں 83 لاکھ سے زیادہ مرد اور 71 لاکھ سے زیادہ خواتین ووٹر ہیں۔ کل 13 ہزار 33 پولنگ بوتھ ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ای وی ایم میں غیر قانونی ووٹنگ کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ ای وی ایم ایک فول پروف ڈیوائس ہے ۔ ووٹنگ کے بعد اسے سیل کر دیا جاتا ہے ۔ ای وی ایم کو کسی بھی طرح سے ہیک نہیں کیا جاسکتا اور یہ الیکشن کا سب سے محفوظ طریقہ ہے ۔ ووٹوں کی گنتی سے پہلے ہر ای وی ایم کی مہر کی جانچ کی جاتی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات کی حتمی ووٹر لسٹ کل جاری کی گئی تھی، جس میں کل 1 کروڑ 55 لاکھ 24 ہزار 858 ووٹر ہیں۔ ان میں کل 83 لاکھ 49 ہزار 645 مرد اور 71 لاکھ 73 ہزار 952 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ تیسری جنس کے ووٹرز کی تعداد 1261 ہے ۔ووٹر شناختی کارڈ بنوانے کے لیے جعلی دستاویزات جمع کرانے پر 24 افراد کے خلاف آٹھ ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے نئے ووٹر شناختی کارڈ کے حصول کے لیے جعلی دستاویزات جمع کرانے کے خلاف خبردار کیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ 2020 کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی (آپ) کو 62 اور بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کو آٹھ سیٹیں ملی تھیں۔ ساتھ ہی کانگریس پارٹی اپنا کھاتہ کھولنے میں بھی ناکام رہی تھی۔دہلی کیلئے نویں چیف منسٹر کا انتخاب ہونے جارہا ہے جس کیلئے الیکشن کمیشن نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔ عام آدمی پارٹی ، بی جے پی اور کانگریس کے درمیان سہ رخی مقابلہ متوقع ہے ۔