دہلی میں اسکولس کی بازکشادگی مرحلہ وار طور پر ہوگی

   

یکم ؍ ستمبر سے نویں تا بارہویں اور 8 ستمبر سے چھٹی تا آٹھویں جماعتوں میں تعلیم کا آغاز

نئی دہلی : دہلی میں اسکولس کی بازکشادگی مرحلہ وار طور پر عمل میں آئے گی۔ یکم ؍ ستمبر سے جہاں نویں تا بارہویں جماعتوں میں تعلیم شروع کی جائے گی وہیں چھٹی تا آٹھویں جماعت میں پڑھائی 8 ستمبر سے شروع ہوگی۔ معتبر ذرائع نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ یاد رہیکہ دہلی ڈیساسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی (DDMA) نے اس سلسلہ میں ایک اجلاس کا انعقاد کیا تھا، جہاں اس فیصلہ کے بارے میں میڈیا کو تفصیلات فراہم کی گئیں جبکہ اس سلسلہ میں ذرائع کے مطابق نائب وزیراعلیٰ منیش سیسوڈیا باقاعدہ اعلان کریں گے۔ ڈی ڈی ایم اے کی جانب سے ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے آئندہ ماہ سے نئی دہلی میں اسکولس کو مرحلہ وار کھولے جانے کی سفارش کی تھی۔ چہارشنبہ کو داخل کی گئی اپنی رپورٹ میں ماہرین کے پیانل نے یہ سفارش کی تھی کہ بڑی کلاسیس کے طلباء کو پہلے مرحلہ میں اسکولس آنے کی اجازت دی جائے۔ بعدازاں مڈل گریڈ طلباء کو اسکول آنے اور سب سے آخر میں پرائمری کلاسیس کے طلباء کو اسکول آنے کی اجازت دی جائے۔ پیانل یا کمیٹی نے یہ سفارش بھی کی کہ اولیائے طلباء اگر چاہیں تو اپنے بچوں کو اسکول بھیجیں ورنہ ان کے (والدین) پاس آن لائن کلاسیس کا متبادل بہرحال موجود رہے گا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہیکہ قومی دارالحکومت میں گذشتہ سال کوویڈ۔19 پر کنٹرول حاصل کرنے کیلئے ملک گیر لاک ڈاؤن کے نفاذ سے قبل اسکولس کو بند کرنے کا بھی حکم جاری کیا گیا تھا۔ دوسری طرف گزشتہ سال اکٹوبر میں ہی مختلف ریاستوں میں جہاں اسکولس دوبارہ کھولنے کا عمل شروع کیا گیا تھا وہیں دہلی حکومت نے جاریہ سال کے اوائل یعنی جنوری میں صرف نویں سے بارہویں جماعت کیلئے اسکولس کھولنے کی اجازت دی تھی لیکن بھلا ہو کوویڈ۔19 کی دوسری لہر کا جس نے اسکولس کی بازکشادگی کی خوشی کو دیر تک رہنے نہیں دیا اور متعلقہ حکام نے اسکولس کو دوبارہ بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ اب حالات یہ ہیں کہ دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلباء صرف داخلے یا بورڈ امتحانات سے وابستہ کام کیلئے اپنے والدین کی اجازت لیکر ہی اسکول آسکتے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ اس وقت ملک کی کچھ ریاستوں بشمول تلنگانہ میں اسکولس کی یکم ؍ ستمبر سے بازکشادگی کا اعلان کیا گیا ہے۔