دہلی میں امر جوان جیوتی کی برخواستگی کا فیصلہ افسوسناک

   

کانگریس قائدین کی یادگاروں کو بتدریج مٹانے پر کانگریس کی تنقید
حیدرآباد۔21۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے دہلی میں انڈیا گیٹ پر واقع امر جوان جیوتی کی برخواستگی سے متعلق مرکزی حکومت کے فیصلہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ پارٹی کے نائب صدر جی نرنجن نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کانگریس کے سرکردہ قائدین کی نشانیوں کو یکے بعد دیگرے ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ امر جوان جیوتی تاریخی اہمیت کے حامل ہیں جو 1971 ء کی بنگلہ دیش لبریشن کیلئے لڑائی میں شہید ہونے والے ہندوستانی سپاہیوں کی یاد میں تعمیر کی گئی جس کا افتتاح آنجہانی اندرا گاندھی نے 26 جنوری 1972 ء کو کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی کی جانب سے افتتاح کردہ یہ نشانی دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرچکی ہیں ، لہذا نریندر مودی اس نشانی کو انتقاماً ختم کرنا چاہتے ہیں۔ مرکز میں برسر اقتدار آنے کے بعد سے مودی حکومت خفیہ ایجنڈہ پر عمل پیرا ہے۔ اور کانگریس کے سرکردہ قائدین کی جانب سے قائم کی گئی یادگاروں اور عمارتوں کو بتدریج ختم کیا جارہا ہے ۔ حالانکہ یہ یادگاریں آنے والی نسلوں کیلئے قائدین کی قربانیوں کی یاد دلاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی جانب سے قومی وار میموریل کے افتتاح کا خیرمقدم کرتے ہیں لیکن اندرا گاندھی کی جانب سے افتتاح کردہ امر جوان جیوتی کی برقراری میں کیا قباحت ہے؟ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں نریندر مودی حکومت مہاتما گاندھی کے امیج کو بگاڑ کر ناتھورام گوڈسے کو قومی رہنما کے طور پر پیش کرسکتی ہے۔ ملک کے عوام ان سرگرمیوں کو ہرگز پسند نہیں کریں گے۔ر