دہلی میں اومی کرون کے مریضوں کیلئے تین اور اسپتال مختص

   

نئی دہلی۔ قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کے اومی کرون قسم کے معاملوں میں اضافہ کے درمیان دہلی حکومت نے تین نجی اسپتالوں کو اس طرح کے مشتبہ مریضوں اور مصدقہ معاملوں کے علاج کے لئے نامزد کیا ہے ۔ دہلی حکومت نے آج جن تین نجی اسپتالوں کو اومی کرون سے متاثر مریضوں کے علاج کے لئے مختص کیا،ان میں بترا اسپتال ،فورٹس وسنت کنج اور سر گنگا رام سٹی اسپتال شامل ہیں۔ اس سے پہلے حکومت نے لوک نائک جے پرکاش نارائن اور میکس اسپتال کی اومی کرون سے متاثر مریضوں کے علاج کے لئے نشاندہی کی تھی۔ سرکاری ذرائع نے یواین آئی کو بتایا کہ یہاں جمعہ کو اومی کرون کے 10 معاملوں کی تصدیق کے بعد دو اور افراد اس قسم سے متاثر پائے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان میں سے ایک مریض کا میکس ساکیت میں علاج چل رہا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ مریض حال ہی میں بیرون ملک گیا تھا اور اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کورونا پازیٹو پایا گیا تھا،ذرائع نے کہامریض کی حالت مستحکم ہے ۔