دہلی میں بارش، لوگوں کو گرمی سے راحت

   

نئی دہلی: قومی راجدھانی کے کچھ حصوں میں منگل کو درمیانی سے بھاری بارش ہوئی جس سے لوگوں کو گرمی سے راحت ملی۔ اس دوران کم از کم درجہ حرارت 24.9 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جو موسم کے اوسط سے تین ڈگری کم ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ پچھلے 3 دنوں میں دہلی میں مانسون سے پہلے کی بارش میں 34 فیصد تک کمی آئی ہے۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ نے کہا کہ آج دارالحکومت میں ہوا کے معیار کا انڈیکس درمیانے زمرے میں درج کیا گیا ہے ۔ آج صبح 8.30 بجے نسبتاً نمی کا تناسب 71 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ دارالحکومت میں پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو موسم کے اوسط سے چھ ڈگری کم تھا۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ جنوب مغربی مانسون 27 جون کے آس پاس دہلی پہنچ جائے گا۔